
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران
دونوں رہنماؤں نے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں شرکت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور سعودیہ عرب،قطر اور ترکی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اپنی حالیہ ملاقاتوں سے آگاہ کیا،انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کی جانب سے تعمیری بات چیت پر شکریہ ادا کیا، جبکہ ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ مجتبی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ روابط خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں، اور پاکستان امن و استحکام کے لیے اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امن کے لیے مضبوط عزم اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔




































