ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا،زبردست خراج عقیدت پیش

راولپنڈی،اسلام آباد،کراچی،لاہور(ویب ڈیسک) ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے

جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خرج عقیدت پیش کیا گیا۔اس دن کے سلسلے میں پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
یوم شہدائے پولیس ہر سال مورخہ 04 اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔اس دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی میں پولیس، مدد کی ہر آواز پر سب سے پہلے پہنچتی ہر اور ہر پکار کا مقصد اور فخر سے جواب دیا ہے۔دوسری جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے شہدا نے مادر وطن کیلیے جانوں کے نذرانے پیش کیے، وہ قوم کے ہیروز ہیں۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کی مدد کے لیے انہیں خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قیام امن کے لیے بہادر پولیس اہلکاروں کی گرانقدر قربانیاں بے مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ملک میں امن و استحکام کے لیے بلکہ پرامن معاشرے اور ماحول کے لیے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
محمود خان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں بھی محکمہ پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر مثالی خدمات انجام دیں۔علاوہ ازیں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ مشتاق احمد مہر نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں یادگارشہداء پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کر کے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس جوانوں اور افسران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔