پاکستان میں کورونا کے باعث عائد پابندیاں ختم، بازار کھل گئے، ٹرانسپورٹ بھی بحال

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عائد کی گئی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ملک بھر میں

پیر کے روز سے کاروبار، بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالزپر عائد وقت اور ہفتہ وار چھٹیوں کی پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔کیفے، ریسٹورنٹس، تھیٹر اور سینما بھی کھول دیئے گئے ہیں اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی ہے۔
پبلک پارکس، بزنس سینٹرز، بیوٹی پارلرز اور جم بھی کھولنے کی اجازت ہے تاہم شادی حال اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے فیصلوں پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے پہلے کی صورتحال بحال ہوگئی ہے۔ لاک ڈاؤن ختم ہونے اور پابندیاں ہٹائے جانے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا کے مکمل خاتمے تک احتیاط لازمی، جہاں بھی جائیں ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں کورونا سے بچنے کیلئے احتیاط کرنا ہوگی کیونکہ پاکستان کو مشکل سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26فروری کو رجسٹرڈ ہوا تھا اور حکومت پاکستان نے مارچ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن بعد میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر 6 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں اور 2 لاکھ 84 ہزار 121 میں اس وبا کی علامات کی تشخیص ہوئیں۔ 2 لاکھ 60 ہزار 248 مریض صحت یاب ہوئے۔
سندھ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 23ہزار 549 افراد کورونا سے متاثر ہوئے اور وہاں دو ہزار262 اموات ہوئیں۔خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 34ہزار 635ہو گئی ہے۔ بلوچستان 11ہزار884، اسلام آباد میں 15 ہزار 241، آزاد جموں و کشمیر میں 2ہزار 134، گلگت بلتستان دو ہزار 321اور پنجاب میں 94ہزار 360کورونا مریض ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 169، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 230، اسلام آباد میں 171، بلوچستان میں 137، آزاد کشمیر میں 58اور گلگت بلتستان میں 55 ہو چکی ہے۔