
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج بروز منگل صبح
گیارہ بجے احتساب آفس میں پیش ہونگی۔ نیب لاہور نے مریم نواز کو آج طلب کر رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور مریم نواز کے خلاف 200 ایکڑ اراضی کی خریداری کی تحقیقات کر رہا ہے جبکہ ملزمہ مریم نواز نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہو کر ان کے سوالات کا جواب دیں گی۔
مریم نواز نے نیب کی جانب سے اراضی کیس کی تحقیقات کیلئے 11اگست کو طلبی کے نوٹس کے بعد اپنے والد سمیت خاندان کے دیگر افراد، پارٹی کی سینئر قیادت اور وکلاء سے تفصیلی مشاورت کے بعد خود پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے انہیں دستیاب دستاویزات مرتب کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق مریم نواز پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے قافلے میں جاتی امرا ء رائیونڈ سے نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی، مریم نواز کے ہمراہ ان کے وکیل بھی جائیں گے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نیب ہیڈکواٹر جمع ہونے کے امکان کے پیش نظر نیب نے اپنے دفتر کے باہر سخت سکیورٹی اقدامات اٹھاتے ہوئے مریم نواز کی نیب پیشی پر کورونا ایس او پیز کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں،ادھر نیب لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ عثمان بزدار کل بروز بدھ صبح 11 بجے نیب آفس پیش ہو کر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کا جواب دیں گے۔




































