مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے،وزیر ریلوے شیخ رشید

لاہور (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے۔لاہور میں پریس

کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اورادارے ایک پیج پر ہیں۔ پاک فوج اور عمران خان کی حکومت ایک گاڑی کے 2 پہیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پتھروں والا جلوس نکالا، مریم نواز کی پیشی پر راولپنڈی سے بھی گاڑیاں کرایہ پر لی گئیں، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے۔ شہباز شریف اور حمزہ شریف پر الزامات کی نوعیت سنجیدہ ہے، شریف خاندان کا ایک ہی مقصد ان کے خلاف کیسز ختم کئے جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلا سکتی، میں عمران خان کو اس اپوزیشن کے ہاتھوں زچ ہوتے نہیں دیکھتا، اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، ان کے لئے لوگ باہر نہیں نکلیں گے، محرم آگیا ہے اور اس کے بعد صفر شروع ہوگا، اے پی سی کی تاریخ دی تھی،کہاں ہے اب اے سی پی؟ یہ سمجھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ استعمال کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جاگتے رہیں، ان کے بھروسے پر نہ رہیں، ان لوگوں کو صرف این آر او چاہئے، نیب کوختم کرنے کا مقصد ان کے خلاف کیسز ختم کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر نکل جائیں۔ مولانا فضل الرحمان کی بھول ہے کہ یہ اسمبلیاں چھوڑدیں گے، ان کوا سمبلی کی وجہ سے پروٹوکول مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکس چینج کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، انڈسٹری چل پڑی، معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔