
اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے سارنگ جوئیوکے لاپتہ
ہونے پر ایک ٹویٹر پیغام میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر جو سینیٹ میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، سے کہا ہے کہ وہ قائمہ کمیٹی میں سارنگ جوئیو کی گمشدگی کا معاملہ اٹھائیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سینیٹ میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس سندھ میں ہوگا اور قائمہ کمیٹی سندھ میں لاپتہ افراد کے معاملے کو اٹھائے گی۔ سینیٹ میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے 17 اگست کو اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب اور آئی جی سندھ کو سارنگ جوئیو کے اغوا کے معاملے پر طلب کر لیا ہے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بھی لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال آئی جی سندھ سے سارنگ جوئیو کے اغوا سے متعلق بریفنگ طلب کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں چمن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بھی بلوچستان حکام کو بریفنگ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔














