
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس
پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کے میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال اور ان میں مزید اضافہ کے لئے مجوزہ تجاویز و اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے جولائی 2020ء میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِاعظم نے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بنک کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات تجویز کیے جائیں تاکہ اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ ملکی معیشت کے استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔




































