اگر نالہ لئی منصوبہ مکمل ہوگیا تو سیاست کو خیر آباد کہہ دوں گا، شیخ رشید احمد

اسلام آباد( ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر نالہ لئی منصوبہ مکمل ہوگیا تو سیاست کو

خیر آباد کہہ دوں گا، مجھے سیاست سے کوئی پچھتاوا نہیں، اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے، سیاست چھوڑ کر کتاب میں سچ لکھوں گا، تنقید کی پرواہ نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی کی بہتری کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر چلنا چاہیے، یقین ہے سندھ کو بڑا ریلیف ملے گا، فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں ، مولانا فضل الرحمن کے علاوہ کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ نواز شریف کیلئے سرنڈر کرنا ہی بہتر ہے اگر وہ سرنڈر نہیں کریں گے تو پارٹی قیادت شہباز شریف کے پاس چلی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ دونوں بڑی جماعتوں کو اسمبلیوں سے مستعفی ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ آنے والے دنوں میں حکومت مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ایم ایل ون مکمل ہوگیا ہے اگر نالہ لئی کا منصوبہ بھی مکمل ہوجائے تو میں سوچ رہا ہوں باعزت ہی ریٹائر ہو جاﺅں تو بہتر ہے ۔ کوئی پچھتاوا نہیں اللہ تعالیٰ نے میری حیثیت اور اوقات سے بہت زیادہ دیا ہے لوگ میرے وزیراعظم بننے کے نعرے تو لگارہے تھے مگر ان کو پتہ تھا یہ بیل منڈیر نہیں چڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنا سائز حیثیت اورطاقت دیکھ کر فیصلہ کرتا ہوں۔ مشرف کے دور میں اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں تھے ۔ شوکت عزیز کو شارٹ کٹ وزیراعظم کہنے پر انہوں نے مجھے وزارت اطلاعات سے ریلوے میں بھیج دیاتھا اس سازش میں چوہدری بھی ان کے ساتھ شامل تھے ۔