بہادر سپوت لیفٹیننٹ ناصر خالد سلہریا پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

مظفرآباد(ویب ڈیسک )وزیرستان میں د ہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے مظفرآباد کے بہادر سپوت لیفٹیننٹ ناصر خالد سلہریا

پورے فوجی اعزاز کے ساتھ شاہناڑہ قبرستان میں سپردخاک ۔شہید کی قبر پر صدر پاکستان عارف علوی ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جی او سی مری کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ،صدر ،وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے وزیر ستان میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا نماز جنازہ بزرگ عالم دین اور شہید کے استاذ مولانا قاری عبدالمالک توحیدی نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز سابق ججز وچیف جسٹس صاحبان پاک فوج کے اعلیٰ کمانڈرز ،فوجی جوانوں عزیزواقارب ،شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ شہید ناصر خالدآزادکشمیر کا قابل فخر سپوت تھا جس نے اپنی جان وطن عزیز پر قربان کر دی ۔آزادکشمیر کے باشندے دفاع پاکستان کے لیے جب بھی ضرورت پڑی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔
آرمی چیف سے لیکر ایک سپاہی تک کو یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وطن عزیز میں تخریب کاری ہے خاتمے کے لیے پاک فوج پولیس سیکورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔ شہید کی والدہ اور بھائی ہماری عزت اور ہمارے لیے قابل فخر ہیں ۔ نماز جنازہ میں صدر آزاد جموں وکشمیرسردار مسعود خان اور سیاسی رہنماﺅں سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی ۔