صدرمملکت نے امجد خان نیازی کی بطور سربراہ پاک بحریہ تعیناتی کی منظوری دےدی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) صدر پاکستان نے وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر تعیناتی اور ایڈمرل

کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، 07اکتوبر2020 کو ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جگہ پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے۔ اس ضمن میں تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد کی جائیگی۔وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور ابتدائی تربیت کے اختتام پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور ا سٹاف عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی کمانڈ تقرریوں میں دو Type-21 جہاز پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کی کمانڈ، اٹھارہویں ڈسٹرائر اسکواڈرن (Destroyer Squadron) کے کمانڈر، کمانڈانٹ پی این ایس بہادر، کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج / کمانڈر سینٹرل پنجاب، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی شامل ہیں۔انکی اہم اسٹاف تقرریوں میں چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ہیڈ آف F-22P مشن چائینہ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ا یوالیوایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس شامل ہیں۔
آپ اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف اسٹاف(آپریشنز)کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ او ر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے چین میں Beijing University of Aeronautics and Astronautics سےUnderwater Acoustics میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ انکی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز(ملٹری) اور ستارہ بسالت کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو حکومتِ فرانس کی جانب سے فرانسیسی میڈل Chevalier (Knight) سے بھی نوازا گیاہے۔