
اسلام آبا (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وہ شخص تقریر کر رہا ہے جو سسٹم اور عدالتوں
کو دھوکہ دے کے ملک سے باہر بیٹھا ہے، یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی چلتی گاڑی سے کسی کو گالی دے کر بھاگ جائے، جس شخص کو قوم نے 3 مرتبہ وزیراعظم بنایا اس نے بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثے اور جائیدادیں بنائیں۔معزز عدالتوں نے بھی کہا کہ وہ شخص قانون کا تمسخر اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ باتوں میں نہ الجھائیں عدالتوں کو ان دو سوالوں کے جواب دیں کہ آپ نے ایون فیلڈ کیسے بنائے اور پیسے کیسے باہر لے کر گئے اور یہی قوم کے سوال ہیں، نوازشریف اپنی ذات اور اثاثوں کو بچانے کیلئے ملک کی سلامتی کو داﺅ پر لگا رہا ہے اور 30 سال میں انہوں نے ملک کا ستیاناس کیا، نواز شریف اس ملک اور قوم کے مجرم ہیں جنہوں نے ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کے لئے ملکی معیشت کو تباہ کیا جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیاں بند ہوئیں بلکہ صنعتی ترقی کو بھی نقصان ہوا، برآمدات میں کمی ہوئی اور آپ نے تعلیم، صحت اور عوام پر پیسہ خرچ نہیں کیا اور آپ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری ہے، لندن کے پرتعیش محل میں بیٹھ کر جو نیلسن منڈیلا بننا چاہتے ہیں وہ قوم کو ایک مرتبہ پھر گمراہ کر رہے ہیں، قوم اداروں پر تنقید برداشت نہیں کرے گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مطالبہ ہے کہ ادھر ادھر کی باتیں چھوڑ کر آپ دو سوالوں کے جواب دیں کہ آپ اربوں روپے باہر کیسے لے کر گئے اور پرتعیش محلات کیسے بنائے، یہی سوال وزیراعظم عمران خان سے پوچھے گئے جنہوں نے اپنی پوری منی ٹریل عدالت کے سامنے پیش کی
انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو ملک کے قانون کے مطابق تابع کریں اور سوالات کے جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائ کو سستا کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، کورونا کی وجہ سے ساری دنیا کی معیشت پر برا اثر پڑا ہے، ان حالات میں اشیا خوردونوش کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں آئی۔














