آئین کی پاسداری اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،مریم نواز

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری اور اس کی حفاظت ہم

سب کی ذمہ داری ہے۔ میاں محمد نوازشریف محافظ دستور بن کر سامنے آئے ہیں۔ عوام سے یہ حق کوئی نہیںچھین سکتا کہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کریں۔ یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ وہ اپنا قائد، اپنا راہنما اور اپنا وزیراعظم کسے بنائیں۔ اللہ تعالی نے قیادت منتخب کرنے کا یہ حق اپنے بندوں کو دیا ہے جو ووٹ کی صورت وہ استعمال کرتے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہوگا کہ عوام ہی اس ملک کے فیصلے کریں گے۔
ن خیالات کا اظہار مریم نواز نے صدر پاکستان ڈیموکریٹک مووومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمن سے جاتی امرا لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج معیشت تباہ ہے، عوام تاریخ کی بدترین مہنگائی کا شکار ہیں۔آٹا، چینی، خوراک، بجلی گیس ہر چیز مہنگی ہے جس نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔ تعلیم اور صحت تو دور کی بات ہے، دو وقت کی روٹی سے عوام محروم ہوچکے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج خارجہ پالیسی کا دھڑن تختہ ہوچکا ہے۔ سقوط کشمیر ہوچکا۔ نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ آزادجموں وکشمیر کے منتخب وزیراعظم پر لاہور میں غداری کا مقدمہ درج کیاگیا، یہ کشمیریوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟
مریم نوازنے مولانا فضل الرحمن او ر ان کے وفدکاجاتی امراءپہنچے پر خیرمقدم کیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،قومی اسمبلی میں (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف، (ن)لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، (ن)لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق، محمد زبیر ، سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب ،کیپٹن (ر)محمد صفدر، مولانا محمدامجد خان، شاہ اویس نورانی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے مولانا فضل الرحمن کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سب اس فیصلے پر بے حد خوش ہیں۔