وزیراعظم ملکی دولت لوٹنے والوں کا احتساب جاری رکھیں گے،وزیر اطلاعات

کراچی ( ویب ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کرپشن پر پردہ پوشی کیلئے

حکومت پر دباو ڈال رہے ہیں، احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفادات ہیں،وزیراعظم ملکی دولت لوٹنے والوں کا احتساب جاری رکھیں گے۔
بدھ کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو بھول کر کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے ہوں گے، کراچی کے عوام کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے ، کوشش ہے کراچی کے اہم بڑے مسائل کو حل کر کے عوام کو سہولت پہنچائیں، ہماری حکومت اندرون سندھ اتحادیوں کے ساتھ مل کر پیکیجز بھی بنا رہی ہے ،ملک دیوالیہ ہورنے کے قریب تھا ، ہم نے معیشت کو سنبھالا ،حکومت سندھ جزیروں کے معاملے کو سیاسی بنارہی ہے، وفاقی حکومت جزائرکے معاملے پرکوئی غیرآئینی اقدام نہیں کررہی، جزا ئر میں صنعتوں کے قیام کے حق میں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہمیں بڑی تعداد میں ووٹ دئیے اور ہمیں نشستیں بھی ملیں لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کیلئے کام کرنا ہمارا فرض بنتا ہے اور ہماری کوشش ہے کراچی کے اہم بڑے مسائل کے حل کیلئے تمام مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں جس سے کراچی کے عوام کو سہولت ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اندرون سندھ اتحادیوں کے ساتھ مل کر پیکیجز بھی بنا رہی ہے جس سے سندھ کے دیگر اضلاع کو بھی ان کا حق مل سکے اور بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے۔
سینیٹر شبلی فراز نے حکومت مخالفت احتجاج کو ذاتی مفاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیکر اس لیے اقتدار میں لے کر آئے تاکہ اس ملک میں کرپشن اور لوٹ میں ملوث عناصر کا احتساب ہو سکے اور عوام میں بے یقینی پھیلانے کیلئے جو مختلف جلسے جلوسوں کی کوششیں ہو رہی ہیں، اس کا بنیادی طور پر ایک ہی مقصد ہے کہ پیپلز پارٹی ہو یا مسلم لیگ(ن) ، وہ اپنے لیڈران کی کرپشن کو چھپا سکیں اور کسی طرح سے حکومت مذاکرات پر راضی ہو جائے اور ان کے کرپشن کے کیسز میں نرمی کی جائے۔
میڈیا ملازمین کو تنخواہ کی عوام ادائیگی کے حوالے سے سوال پر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت کے بعد سے اب تک ہم ایک سے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم واجبات کی مد میں ادا کر چکے ہیں، بدقسمتی سے کچھ ایسے چینلز ور اخبارات ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب ایک میکانزم بنا رہے ہیں جس میں اس بات کی گارنٹی لی جائے گی کہ جن چینلز اور میڈیا ہاسز کو پیسے مل رہے ہیں، ان کو ہم براہ راست تنخواہیں دیا کریں گے۔