نوازشریف واپس آئیں اور پچھلا حساب چکائیں،مشیر داخلہ شہزاد اکبر

اسلام آباد( ویب ڈیسک ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف واپس آئیں اور

پچھلا حساب چکائیں، ان کی قانونی حیثیت تین طرح سے ہے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق نواز شریف نااہل اور جھوٹے، ہائی کورٹ اور احتساب عدالت کے فیصلہ کے تحت مفرور اور اشتہاری اور احتساب عدالت کے ایک فیصلہ کے تحت سزا یافتہ مجرم ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہزاد اکبر نے کہا کہ 3 بار وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا، سپریم کورٹ نے کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں، وہ ہائی کورٹ اور احتساب عدالت سے مفرور اور اشتہاری ہیں، اس حقیقت کے علاوہ باقی سب افسانہ ہے، قوم کو گمراہ کرنے کیلئے کہا جاتا ہے وہ واپس آئیں گے، انہیں واپس لانے کے لئے تو حکومت، عدالت اور ادارے کام کر رہے ہیں۔ شہبازشریف نے نواز شریف کی شخصی ضمانت دی ہوئی ہے، وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ وہ نیب کے شکنجے میں ہیں۔
انہو ںنے کہا کہ منظور پاپڑ والے اور ریڑھی والے کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، منی لانڈرنگ کا سوال کریں تو (ن) لیگی رہنما مہنگائی کی بات شروع کرتے ہیں، عوام کیلئے فیصلے وہی کریں گے جنہیں عوام نے منتخب کیا ہے، حکومت ان کے لیے ہوئے قرضے اتار رہی ہے اور ان کے کیے کام درست کر رہی ہے۔