
لاہور (ویب ڈیسک):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی بچوں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے انہیں
عام سکولوں میں تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے، مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم سے خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ خصوصی افراد کو ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے منگل کو پنجاب کے خصوصی تعلیم اور سماجی بہبود کے محکموں کی معذوری سے متعلق بریفنگ کے دوران کہی۔ بریفنگ میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر قانون و سماجی بہبود ،راجہ بشارت، وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جوان بخت نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے پچھلے دو سالوں میں 62 نئی بسیں مہیا کیں اور 14 خصوصی تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی بچوں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے انہیں عام سکولوں میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے، خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے ایک جامع نظام تعلیم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم سے خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی ، عام سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد خصوصی بچے معاشرے کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کی ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد ہونا چاہئے، متعلقہ حکام خصوصی افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد کرائیں اور سختی سے نگرانی کریں














