گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلائیں گے۔ عوام دوست معاشی پالیسی لائیں گے،بلاول

گلگت(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پندرہ نومبر کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنا

رہی ہے۔ جنوری کے بعد اتحادیوں کے ساتھ وفاق میں حکومت بنائیں گے، گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلائیں گے۔ عوام دوست معاشی پالیسی لے کرآئیں گے۔
نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گلگت بلتستان کو جو بھی حقوق ملے ہیں وہ پیپلز پارٹی نے دیئے ہیں ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگری لے کر گھوم رہے ہیں، انہیں روزگار نہیں مل رہا۔ ہمارے وزیراعظم سلیکٹڈ کے ساتھ منافق بھی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں کچھ علاقوں میں ایسی سازشی عناصر ہیں جو علیحدگی تحریک چلا رہے ہیں مگر گلگت بلتستان کے عوام شمولیت کی تحریک چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو آئین دیا جبکہ 2018 سے میرا وعدہ ہے گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ دینا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے پہاڑوں کو گواہ بنا کر وعدہ کیا کہ میں گلگت بلتستان کو آئین اور آئینی حقوق دلاوں گا۔انہوں نے کہا کہ 'کچھ لوگ سوچ رہے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنا کر گندم کی سبسڈی ختم کردی جائے گی اور ٹیکس بڑھادیا جائے گا'۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 'واضح کردینا چاہتا ہوں کہ سبسڈی ختم کرنے یا ٹیکس بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے'۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ صوبہ بنانے سے پہلے چور دروازوں سے ٹیکس لگانے کی کوشش کررہے ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان دو دو ڈگریاں لیے نوکری کی تلاش میں ہیں، ہم انہیں روزگار فراہم کریں گے۔