
استور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پورے ملک میں ”گو نیازی گو“ کا نعرہ لگ چکا،عمران خان جیسے
آئے تھے ویسے ہی جائیں گے،پورا پاکستان آج جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے،گیدڑ وعدہ کرتا ہے، شیر وعدے نبھاتا ہے، سلیکٹر صرف عوام ہیں،بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں،بزدلوں کو خریدا جاسکتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے لوگوں کو نہیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع استورکے علاقے چھوگام میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاہے کہ میرا دل یہاں سے واپس جانے کو نہیں کرتا، آپ لوگوں نے بہت عزت دی، آپ لوگ بہن، بیٹیوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ استور میں پیدا ہونے والے بچوں کا نام نواز شریف رکھا جاتا ہے، آپ محبت کرنا جانتے ہیں تو نواز شریف بھی محبت نبھانا جانتا ہے، مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتی ہے، میں آپ کے ساتھ یہ رشتہ آخری سانس تک نبھاﺅں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم عزت کے بدلے عزت کرنا جانتے ہیں، وعدے نبھانا جانتے ہیں، آپ سے جو بھی وعدہ کیا جائے گا وہ نبھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو جو حقوق 72 سال میں نہیں ملے، وہ ملیں گے، ،گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بننا چاہیے ،آپ کو نواز شریف اور حفیظ الرحمن کی خدمت چپے چپے پر نظر آتی ہے۔ گلگت بلتستان شیروں کی دھرتی ہے، گیدڑ صرف وعدے کرتے ہیں شیر نبھاتے ہیں۔ ہم وعدے کرنا اور ان کا نبھانا جانتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بتائیں کہ کیا نواز شریف نے دل سے آپ کی خدمت کی ہے؟ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خواتین بہت تعلیم یافتہ ہیں اور ہم چاہتے ہیں گلگت بلتستان کی خواتین کو کالجز اور یونیورسٹیز کے ساتھ فری لیپ ٹاپ بھی ملیں۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے، گلگت بلتستان کے لوگوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہئے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نہ صرف گلگت بلتستان میں رہ جانے والے کام مکمل کریں گے بلکہ صوبہ بھی بنا کر دیں گے۔ انہوں نے 3 سال آئینی اصلاحات کا کام کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے۔ کہتے تھے 90 دن میں سب بدل دوں گا اور اب کہتے ہیں میرے پاس الہ دین کا چراغ نہیں ہے۔ گیدڑ وعدے کرتا ہے اور شیر وعدے پورے کرتا ہے۔





































