پی ڈی ایم کچھ بھی کر لے حکومت آئینی مدت پوری کرے گی: فردوس عاشق

لاہور (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے پتلی تماشہ میں اسرائیل اور بھارت کے اشاروں پر ناچنے والی جعلی

راجکماری نے پی ٹی آئی پر بیہودہ اور خودساختہ الزامات لگائے۔اسرائیل کے بارے میں عمران خان کا فیصلہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 90شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر اسرائیلی پالیسیوں کی کھل کر مخالفت اور پاکستانی عوام کی ترجمانی کی۔ جھوٹوں کی نانی بتائیں مودی کس کی شادی پر بغیر کسی ویزے اور سفارتی پروٹوکولز کے جاتی عمرہ میں آیا تھا۔کون تھا جو مودی کو آموں کی پیٹیاں اور مودی کی والدہ کو ساڑھیوں کے تحفے بھیجتا رہا؟اجیت ڈوول کی جاتی عمرہ میں تصاویر اور ویڈیوزکس خاندان کے ساتھ ہیں اور گلابی پگڑی کا تبادلہ نواز شریف نے کس کے ساتھ کیا تھا؟ تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،پی ڈی ایم کو مشورہ ہے پاکستان کی ترقی کی گاڑی کو پاس کریں یا برداشت کریں۔ پاس آپ کر نہیں سکتے تو صبر سے برداشت کریں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ حیرت ہے جس جماعت کا صدر مشاورت کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرتا ہے اسی جماعت کی نائب صدر کیچڑ اچھالنا شروع کردیتی ہے۔ مریم نے یہ کیچڑ چیف الیکشن کمشنر پر نہیں دراصل اپنے چچا اور پارٹی صدر پر اچھالا ہے۔جعلی راجکماری کہتی ہیں اسلام آباد ریلی میں لانگ مارچ کا نمونہ دکھایا ہے۔ اگر یہی نمونہ ہے تو پی ڈی ایم کا ناٹک ختم سمجھیں کیونکہ قوم کئی نسلوں سے پی ڈی ایم میں شامل ''نمونوں '' کو دیکھ دیکھ کر اکتا چکی ہے۔