لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی فارن
فنڈنگ کا پیسہ عمران خان کی زمان پارک اور بنی گالہ میں رہائشگاہوں پر استعمال ہوا، حکومت گرچکی، قومی خزانے سے کمیشن مانگتے ہوئے پکڑے گئے، چینی، آٹا سب چوری کرا دیا، نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔
بدھ کو نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ آج شہباز شریف کو پھر نیب عدالت میں پیش کیا گیا، حکومتی ترجمان کاغذ لہرا لہرا کر الزامات لگاتے ہیں، شریف فیملی اور مسلم لیگ (ن) کے قائدین پر اب تک صرف الزامات ہی لگ رہے ہیں، ڈھائی سال گزر گئے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہاکہہ ملکی تاریخ میں ایسا ٹولہ پہلے کبھی مسلط نہیں ہوا، آئے روز کے سکینڈل بتا رہے ہیں، ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، آٹا بجلی گیس سب کچھ چوری ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 فارن فنڈنگ اکاﺅنٹس کا 2014 سے جواب نہیں دیا گیا، بھارتی، اسرائیلی فنڈنگ پارٹی اکاﺅنٹس کے نام پر حاصل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قومی خزانے سے کمیشن کھاتے ہوئے خود پکڑے گئے، یہ لوگ اپنے خلاف ثبوت مٹا رہے ہیں۔