قبائلی اضلاع کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے ، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیا جائے، وزیر اعظم

پشاور(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی

ترقی حکومت کی ترجیح ہے ، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت پیر کو یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کےگورنر شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزرا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، عمر ایوب خان، فیصل واوڈا اور معاون خصوصی تابش گوہر نے شرکت کی۔وزیر اعظم کو صوبہ خیبر پختونخوا کو وفاق کی طرف سے بجلی آمدن کی مد میں پن بجلی کے خالص منافع اورقبائلی اضلاع کے لیے مخصوص ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں بشمول صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر و دیگر منصوبوں پر اب تک 50 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔