اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس
جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلی سطح کا اجلاس نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ، پراسکیوٹر جنرل نیب ، ڈی جی آپریشن نیب ، ڈیجی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی شفاف ، غیر جانبدارانہ ، آزادانہ ، میرٹ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے لئے تجربہ کار اور محنتی افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( CIT) تشکیل دی گئی تھی اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( CIT) کر رہی ہے جس میں دو انوسٹی گیشنز افسران، فنانشل ایکسپرٹ ، لیگل کنسلٹنٹ ، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر/ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے علاوہ تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی کر رہے ہیں ۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں مشترکہ تحقیااتی ٹیم کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی کہ تحقیقات کو شفاف ،غیر جانبدارانہ ، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے علاوہ ایس ای سیپی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے متعلقہ معلومات حاصل کر کے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے ۔