لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ
تاریخ میں پہلی بار صرف ووٹ نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی چوری ہوگیا،الیکشن کمیشن کے عملے کی چوری کی ایف آئی آر عمران خان اور عثمان بزدار پر کٹنی چاہئے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹر بیان میں کہا کہ دھند کو وجہ بنا کر این اے 75 کے حتمی نتیجہ میں دانستہ تاخیر قابل مذمت اور شرمناک ہے، تمام دن حکومتی فائرنگ اورغنڈہ گردی سے پولنگ عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سارا دن پولنگ سٹیشنز پر حکومتی بدمعاشی کے مناظر عوام نے دیکھے، سارا دن ناکامی کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پولنگ سٹیشنز کا عملہ لاپتہ کردیا گیا، پولنگ ایجنٹس پولنگ بیگ سمیت لاپتہ ہوگئے، الیکشن کمیشن کا اپنا پولنگ کا عملہ الیکشن کمیشن کی پہنچ سے دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کے لیے پورے کے پورے الیکشن کمیشن پر ڈاکا ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بے بس، ریٹرننگ افسران یرغمال، کیا شفاف الیکشن ہے؟ واہ، عمران خان نے بری طرح ہارنے پر الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کرایا ہے۔