الیکشن کمیشن فردوس عاشق کے کنڈکٹ کا نوٹس لے، ن لیگی رہنمااحسن اقبال

ڈسکہ (صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان فردوس عاشق اعوان کے کنڈکٹ کا نوٹس لے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چیف الیکشن کمشنر کو این اے 75 کا نتیجہ روکنے کی درخواست کی۔انہوں نے بتایا کہ این اے 75 کا نتیجہ روکنے کی درخواست (ن) لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نتیجہ 23 لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے اغوا کی تحقیقات تک روکا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 23 لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے جمع کئے گئے نتائج کی تصدیق کی حیثیت کے تعین تک اس حلقے کا نتیجہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق نتائج بدلنے کیلئے الیکشن کمیشن پہنچیں ،پی ٹی آئی کے موجود لوگوں نے فردوس عاشق اعوان کے طرزِ عمل کی مذمت کی ہے۔الیکشن کمیشن فردوس عاشق اعوان کے کنڈکٹ کا نوٹس لے،، این اے 75 پر سارا نتیجہ مشکوک ہو گیا ، بعض پولنگ اسٹیشنز پر گھنٹوں پولنگ بند رکھی گئی، ڈسکہ شہر کے 36 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ گھنٹوں بند رکھی گئی، سرکاری دبا ﺅبرداشت کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کی تعریف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے مسلم لیگ (ن) کے مضبوط علاقوں میں سارا دن فائرنگ کر کے خوف و ہراس کی فضا بنائی گئی، خوف و ہراس کی یہ فضا مسلم لیگ نون کا ووٹر ٹرن آﺅٹ کم کرانے کے لیے بنائی گئی، پورا الیکشن مشکوک ہو گیا۔