
اسلام آبادو (ویب ڈیسک )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ
سینیٹ انتخابات میں کھلے عام خریدوفروخت سے پورے ملک اور نظام کو نقصان پہنچا ہے، جس سیٹ پر پیسہ لگا اور جس سیٹ پر پیسہ نہیں لگا دونوں کے نتائج قوم کے سامنے ہیں، انتخابات میں جو کچھ ہوا اس پر پوری قوم کو دکھ ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اعتماد کے ووٹ میں پہلے سے زیادہ ووٹ لیکر سرخرو ہوئے ہیں، اپوزیشن کو منہ کی کھانی پڑی ہے، حکومت اداروں سے ٹکراﺅ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، ہم الیکشن کمیشن سمیت تمام قومی اداروں کا احترام کرتے ہیں، حکومت الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ہر طرح سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، الیکشن کمیشن کو مبینہ وڈیو کے معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے اس کی تہہ تک پہنچا چاہیے، اگر خریدوفروخت ثابت ہوئی ہے تو اسے انتخابات کو کالعدم قرار دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ہمارے تشویش بے معنی نہیں تھی، ماضی کے انتخابات کی بنیاد پر ہم نے کہا کہ پیسہ چلتا ہے اور حالیہ انتخابات سے بھی ایک روز قبل مبینہ وڈیو بھی سامنے آ گئی تھی اور اعتراف بھی کر لیا گیا تھا، ہم چاہتے تھے کہ شفاف انتخابات ہوں اور اس روایت کو ختم کیا جائے۔
شاہ محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور(ن)لیگ جو جمہوریت کی دعویدار بنتی ہیں، دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے کہ انتخابات شفاف ہوں لیکن ہم نے دیکھا کہ دونوں جماعتوں نے شفاف انتخابات کیلئے حکومت کا ساتھ نہیں دیا۔














