وفاقی حکومت کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے چیف

الیکشن کمشنر سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن موجودہ حالات میں نہیں چل سکتا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا،اب کسی کوبھی اس پراعتمادنہیں رہا، مسلم لیگ(ن) کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ وہ سیاست کو کس طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں،ماضی میں سپریم کورٹ پربھی مسلم لیگ(ن)نے حملہ کیا تھا۔
شفقت محمود نے وفاقی وزرا کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے ساتھ جو ہوا ہے، اگر یہ اسی طرح چلتا رہا تو سیاست ایک حد سے بڑھ کر تشدد پر آ جائے گی اور اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں مسلم لیگ(ن) کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ وہ سیاست کو کس طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، اس کلچر کو فروغ دینے کا جو وطیرہ بنایا گیا ہے اس کو ختم کریں اور سیاست کو سیاست سمجھ کر کریں۔مسلم لیگ(ن)نے تشددکرنےکی روایت ماضی میں بھی قائم رکھی ہوئی تھی، معاملات(ن)لیگ کی مرضی کےمطابق ہوں توٹھیک ورنہ حملہ کرتے ہیں، ماضی میں سپریم کورٹ پربھی مسلم لیگ(ن)نے حملہ کیا تھا، وزیراعظم اعتمادکاووٹ جب لے رہے تھے توان کے لیڈرآئے تاکہ جھگڑاہو، یہ چاہتے تھے کہ لڑائی ہواورتماشالگے، مسلم لیگ(ن)کودیکھناچاہیے کہ وہ سیاست کوکس طرف لےکرجا رہی ہے۔انہو ںنے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کا بڑے عرصے سے یہ مطالبہ تھا کہ اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سیاست میں پیسے وغیرہ کی سرگرمیوں کو ختم ہوں تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔ 2015 میں جب نواز شریف نے اوپن بیلٹ کا قانون لانے کی کوشش کی تو وزیراعظم نے مسلم لیگ(ن) سے سیاسی اختلافات کے باوجود اس کا خیرمقدم کیا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری سیاست صاف و شفاف ہو 2018 میں پھر منڈیاں لگیں اور تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جس نے اپنے اراکین کے خلاف ایکشن لیا جن کے بارے میں پتہ چلا کہ انہوں نے پیسے کی لین دین کی۔ان کا کہنا تھا کہ 2021 کے سینیٹ انتخابات کے لیے ہم نے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جس پر اعلیٰ عدلیہ نے کہا کہ اگر آپ نے ووٹنگ کا طریقہ کار بدلنا ہے تو اس کے لیے آئینی ترمیم ہونی ضروری ہے لیکن انہوں کچھ اور بھی ہدایت اور 218(3) کا حوالہ دیا جو اس بارے میں بڑی واضح ہے۔یہ شق کہتی ہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ فرض ہو گا کہ وہ انتخاب کا انتظام کرے اور اسے منعقد کرائے اور ایسے انتظامات کرے جو اس امر کے اطمینان کے لیے ضروری ہوں کہ انتخاب ایمانداری، حق اور انصاف کے ساتھ اور قانون کے مطابق منعقد ہو اور یہ کہ بدعنوانی کا سدباب ہو سکے۔