
اسلام آباد(اویب ڈیسک،فوٹو :فائل ) وزیرِ اعظم عمران خا ن نے کہاہے کہ موجودہ
حکومت شرح نمو اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ اقدام اٹھانے کےلئے پرعزم ہے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور ملک میں دولت پیدا ہوگی،سابقہ حکومتوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کی دلدل میں پھنسے ملک کو اسی صورت نکالا جا سکتا ہے جب ملکی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے حکومت کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
وزیرا عظم کی زیر صدارت معاشی استحکام و ترقی کے حوالے سے ترجیحاتی شعبوں کے فروغ میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیرصنعت محمد حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینیئر افسران شریک ہوئے ۔وزیرِ اعظم کو چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
گورنر اسٹیٹ بنک نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو ضمانت کی فراہمی (کولیٹرل ) کے بغیر بنکوں کی جانب سے کاروبار کے لئے قرضوں کی فراہمی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔گورنرا سٹیٹ بنک نے بتایا کہ ضمانت نے کے بغیر قرضوں کی فراہمی ( کولیٹرل فری لینڈنگ) سے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ اس حوالے سے گورنر سٹیٹ بنک نے بتایا کہ پہلی دفعہ حکومت، سٹیٹ بنک اور بنکوں میں موثر پارٹنرشپ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت سٹیٹ بنک کی جانب سے تقریبا پچاس فیصد رسک لاس گارنٹی (نقصان کے رسک کے حوالے سے گارنٹی ) فراہم کی جائے گی۔ ا
نہوں نے بتایا کہ بنکوں کی جانب سے اس حوالے سے نہایت جوش و خروش اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔گورنر اسٹیٹ بنک نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایس ایم ایز کو خصوصی طور پر قرضہ جات کی فراہمی کے حوالے سے مخصوص شدہ بنکوں میں اضافی صلاحیت پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔اسٹیٹ بنک کی جانب سے ایس ایم ایز کو قرضہ جات کی فراہمی کے حوالے سے بنکوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے خصوصاً بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو حتی المقدور سہولیات کی فراہمی اور ملک میں منافع بخش کاروبار کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔




































