
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے
کہا ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد توڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں، ، میرے آصف علی زرداری ، میاں نوازشریف سمیت سب سے رابطے ہیں۔صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا پیپلزپارٹی نے اپنی سی ای سی کا اجلاس بلالیا ہے، مثبت جواب کی امید ہے۔تجویز آرہی ہے کہ پہلے مرحلے میں صرف قومی اسمبلی سے استعفے دئیے جائیں ۔دوسرے مرحلے میں صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز ہے،سندھ اسمبلی سے سب سے آخر میں مستعفی ہونے کی تجویز ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا یہ طے ہے کہ ہمارے پاس احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔اگر صرف ایوانوں میں لڑنا ہے تو پھر پی ڈی ایم کیوں بنائی؟۔ہمیں اسمبلیوں میں جانے یا عوام میں جانے میں سے ایک راستہ منتخب کرنا ہے،۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اب لانگ مارچ رمضان کے بعد ہونے کی امید ہے۔ ہم بھارت کے حوالے سے چیف آف ا ٓ رمی اسٹاف کے بیان کے حامی ہیں۔بھارت کے ساتھ جنگ لڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس سے نقصان کا اندیشہ زیادہ ہے۔بھارت کے ساتھ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں نہ کہ جنگ سے۔کشمیرکے حوالے سے موجودہ حکومت نے جونقصان پہنچایا اس کی تلافی ہوتی نظرنہیں آرہی۔اگر تلافی کرنا ہے تو اسی سوچ کی حکومت بھی ہونے چاہیے۔














