بلاول بھٹو زرداری نے اپنا امام تبدیل کرلیا ہے:وزیر سائنس فواد چوہدری

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری

نے اپنا امام تبدیل کرلیا ہے، پہلے ان کے امام فضل الرحمان تھے اب سراج الحق ہیں، خوشی ہے مریم نواز نے قانونی راستہ اختیار کیا کیونکہ گزشتہ روز ان کا موقف تھا ضمانت نہیں کرائیں گے پتھر ہی ماریں گے، کابینہ میں ردوبدل کی باتیں درست ہیں، اس حوالے سے کئی وزیروں کے دل دھڑک رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں یونیورسٹیاں اپنے ملکوں کی مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، ہم ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،حکومت کا عوام کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا وعدہ ہے، جو لوگ اس کی قیمت ادا کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ ویکسین خرید کر لگوالیں،میری ذاتی رائے تھی کہ حکومت ویکسین کی قیمت مقرر نہ کرے، کابینہ میں ویکسین کی قیمت میں ردوبدل کی باتیں چل رہی ہیں لیکن فیصلہ وزیراعظم کو کرنا ہے۔