رمضان المبارک میں نمازتراویح اور اعتکاف کے حوالے سے ایس او پیز کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک )حکومت نے رمضان المبارک کے دوران نماز پنجگانہ کی ادائیگی، تراویح اور اعتکاف کے

حوالے سے ملک بھر کے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علما و مشائخ کی مشاورت سے کورونا ایس او پیز کا اعلان کردیا ہے ۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کی زیر صدارت علما و مشائخ کے اجلاس میں اتفاق رائے سے ایس او پیز طے پائے ہیں ۔مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز، تراویح اور اعتکاف سے متعلق ترمیم شدہ ایس او پیز2021 کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں قالین یا دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، صاف فرش پر نماز پڑھی جائے گی،اگر کچا فرش ہو تو صاف چٹائی بچھائی جا سکتی ہے۔جو لوگ گھر سے اپنی جائے نماز لا کر اس پر نماز پڑھنا چاہیں، وہ ایسا ضرور کریں۔نماز سے پیشتر اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے۔
سڑک اورفٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے اجتناب کیا جائے۔ مسجد اور امام بارگاہ کے فرش کو صاف کرنے کے لئے پانی میں کلورین کا محلول بنا کر دھویا جائے، اسی محلول کو استعمال کر کے چٹائی کے اوپر نماز سے پہلے چھڑکا بھی کر لیا جائے۔مسجد اور امام بارگاہ میں صف بندی کا اہتمام اس انداز سے کیا جائے کہ نمازیوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رہے۔مساجد اور امام بارگاہ انتظامیہ ذمہ دار افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنائے جو احتیاطی تدابیر پرعمل یقینی بنا سکے۔
مسجد اور امام بارگاہ کے منتظمین اگر فرش پر نمازیوں کے کھڑے ہونے کے لئے صحیح فاصلوں کے مطابق نشان لگا دیں تو نمازیوں کی اقامت میں آسانی ہو گی۔وضو گھر سے کر کے مسجد اور امام بارگاہ تشریف لائیں۔ صابن سے بیس سیکنڈ ہاتھ دھو کر آئیں۔
لازم ہے کہ ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ میں تشریف لائیں اورکسی سے ہاتھ نہیں ملائیں اور نہ بغل گیر ہوں۔ اپنے چہرے کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔ گھر واپسی پر ہاتھ دھو کر یہ کر سکتے ہیں۔ موجودہ صور تحال میں اعتکاف کے لئے ہر دو معتکفین کے درمیان فا صلہ 6فٹ ہوگا اور تمام ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔مسجد اور امام بارگاہ میں افطار اورسحر کا اجتمائی انتظام نہ کیا جائے۔مساجد اور امام بارگاہ انتظامیہ، آئمہ اور خطیب ضلعی وصوبائی حکومتوں اور پولیس سے رابطہ اور تعاون رکھیں -مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو ان احتیاطی تدابیر کے ساتھ مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔