ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ میری حکومت نے شوگرمافیا کونکیل ڈالی،وزیر اعظم


اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبرایجنسی فوٹو فائل)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب کو اوپر لے جانا میری

اولین ترجیح ہے ، پاکستان میں شوگرمافیا بہت مضبوط ہے جو سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتیں بڑھا تا ہے،تاریخ میں پہلی مرتبہ شوگر مافیا کو ہماری حکومت نے نکیل ڈالی ہے ،جب خیبرپختونخوا میں حکومت سنبھالی تو حالات انتہائی گھمبیر تھے ،دہشت گردی کو ختم کرکے امن قائم کیا اورآج خیبرپختونخوا ترقی میں پنجاب کے برابر کھڑا ہے ۔
یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں جاری ہونیوالی رپورٹ کے اجراءپر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت کی ترجیح غریب آدمی کو اوپر لے جانا ہے اور حکومت غریبوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور غربت کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے، غربت کے خاتمے کے لیے بھی یو این ڈی پی ڈیٹا کی مدد لی جائےگی۔ میری نظر میں معاشرہ اپنے کمزور طبقے کی خدمت سے پہچانا جاتا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ دنیا کو سوچنا ہو گا کہ چند افراد کے ہاتھوں دنیا کی مال و دولت نہیں ہونی چاہیے ، کورونا سے سب سے زیادہ غریب ممالک متاثر ہوئے ہیں اور دنیا کو ان ممالک کی مدد کرنا ہو گی ۔اشرافیہ کا دنیا کے وسائل پر قبضہ ترقی پذیر ممالک کے لئے بڑا مسئلہ ہے ۔ حکومت کی ترجیح غریب افرادکو اوپر لانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے‘۔دنیاکے ہرانسان کےلیے کوروناویکسین کااقدام یقینی بنایاجاناچاہیے ۔
انہوںنے کہاکہ کھربوں ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ممالک منتقل کیے جاتے ہیں جس سے ترقی پذیر ممالک کو شدید دھچکا لگتا ہے اس لئے دنیا کو منی لانڈرنگ روکنے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے ہوںگے ۔
انہوںنے کہاکہ کورونا وبا کے دوران امیرافراد امیر تر ہو گئے جبکہ غریب بدترین غربت کا شکار ہو گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر ملکی کرنسی متاثر ہوتی ہے تو اس سے پورے ملک کی معیشت متاثر ہوتی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں شوگرمافیا بہت مضبوط ہے ،شوگر ملزمالکان نے سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتی بڑھائیں۔وزیراعظم نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ شوگر مافیا کیخلاف کارروائی کررہے ہیں ،تحقیقات کروا ئی جارہی ہیں جوبھی اس ملوث ہوا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔