
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت ملک کو جن کھنڈرات میں چھوڑ کر گئی
تھی، اب انہی بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اب ملک کو درست سمت میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اہم معاملات میں پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق پاکستان 2026 میں عزت، وقار اور اعتماد کے ساتھ داخل ہو رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کا عالمی تشخص مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سفارتی محاذ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے بارے میں مثبت الفاظ کا استعمال ملک کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے اور دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ ایک خوش آئند خبر ہے کہ موجودہ پالیسیوں اور آرمی چیف کی قیادت میں ملک کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے,aن کا کہنا تھا کہ پاکستان اب ایک ذمہ دار، مؤثر اور مستحکم ریاست کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔














