
مظفرآباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ ساری عمر یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم، بالخصوص کشمیری عوام نے افواجِ پاکستان کے لیے دل سے دعائیں کیں، جن کی برکت سے پاکستان کو سرخروئی نصیب ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران کشمیری عوام اور پاکستان کے عوام نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے کو اپنی پہچان بنایا ہے اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے یقین کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آزاد کشمیر کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ نوجوان ہی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کے مطابق علم، ہنر اور ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے خصوصی افراد کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے اسپیشل چائلڈ افشین زاہد کی جدوجہد اور کامیابی کو مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی کمزوری انسان کی صلاحیتوں کو محدود نہیں کرتی، بلکہ محنت، لگن اور عزم کے ذریعے ہر فرد معاشرے میں باوقار مقام حاصل کر سکتا ہے، اور حکومت ایسے تمام افراد کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔
لیپ ٹاپ اسکیم پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم اگر لیپ ٹاپ رشوت ہوتے تو انہی پروگراموں کے نتیجے میں ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ اور سائنسدان نہ بنتے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کورونا وبا کے دوران لیپ ٹاپس کی بدولت نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کا سلسلہ جاری رہا، جو اس منصوبے کی افادیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ طلبہ و طالبات کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہیں اور یہ محض ایک مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہیں۔ وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں شروع کیے گئے لیپ ٹاپ پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد جموں و کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے بعض اسکول تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں جبکہ باقی بھی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں کا معیار عالمی اداروں کے برابر بلکہ ان سے بہتر ہوگا، جہاں غریب مگر ہونہار طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے مزید اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی جو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ادارہ ہوگا۔ اس یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت، آئی ٹی، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور جدید لیبارٹریز پر خصوصی توجہ دی جائے گی،آخر میں وزیراعظم نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک بھر کے قابل طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔





































