
اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کی
داخلی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر روایتی اور مبہم حربے استعمال کر رہا ہے۔ دشمن عناصر بالواسطہ طریقوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غیر یقینی حالات میں واضح، بروقت اور مؤثر فیصلہ سازی آج کے پیچیدہ سکیورٹی ماحول کی ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے, انہوں نے زور دیا کہ مستقبل کے لیڈروں کو ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر تربیت دی جانی چاہیے اور ملک کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز کی بروقت نشاندہی اور مقابلے کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسٹریٹجک قیادت کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ بدلتے ہوئے عالمی، علاقائی اور داخلی سکیورٹی حالات نے پاکستان کو مسلسل اور ہمہ گیر چیلنجز سے دوچار کر رکھا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ موجودہ چیلنجز صرف روایتی عسکری نوعیت کے نہیں بلکہ غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، اطلاعاتی، عسکری اور معاشی شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع ملٹی ڈومین تیاری، مسلسل موافقت اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے,دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر نے پرتپاک استقبال کیا۔





































