
راولپنڈی: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا
ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں, ان کا کہنا تھا کہ جو بھی مذاکرات کی بات کرتا ہے وہ نہ تو عمران خان کے مؤقف کی نمائندگی کرتا ہے اور نہ ہی پارٹی کی اصل پالیسی کے ساتھ کھڑا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کی قیادت کو اسٹریٹ موومنٹ کا واضح پیغام دے دیا ہے اور پارٹی کو اسی ہدایت پر عمل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی دو روزہ کانفرنس کے اعلامیے سے وہ لاعلم ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان کی ہدایات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال 22 نومبر کو عمران خان نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی، اور آج ان پر یہی الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے یہ پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے توشہ خانہ کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنے حالیہ پیغام میں کہا ہے کہ وہ قوم کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کو جیل میں مطالعے کے لیے کتابیں بھجوائی گئی تھیں، جن میں سے نو کتابیں انہیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ باقی کتابوں کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔





































