
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوژو
ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کو فروغ دینا اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔ منظور شدہ 700 ملین ڈالر میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت جبکہ 100 ملین ڈالر صوبہ سندھ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔بینک کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے نتیجے میں سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے وسائل میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ مالیاتی اصلاحات سے شفافیت میں بہتری اور عوامی اعتماد کو فروغ ملے گا۔
عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کے دوران حکومتی اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی۔ عالمی بینک کے مطابق یہ منصوبہ ٹیکس نظام کی بہتری، شفاف مالی نظم و نسق کے فروغ اور ڈیجیٹل ڈیٹا و مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے، تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔عالمی بینک کا مزید کہنا ہے کہ یہ پروگرام آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام سے ہم آہنگ ہے، جس سے پاکستان کی مجموعی معاشی بحالی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔





































