پنجاب میں بارش برسانےوالا نیا سسٹم داخل، ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

لاہور( ویب ڈیسک )پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش لانے والا ایک نیا مگر کمزور موسمی نظام داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ

موسمیات کے مطابق آج دن کے دوران بیشتر علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ بعض مقامات پر دھند یا فوگ بھی رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ ان بارشوں کے باعث خشک موسم کے سبب پھیلنے والی نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار جیسی بیماریوں میں کمی آنے کی امید ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری، راولپنڈی، گلیات اور پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب کے پہاڑی اور شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے جب کہ مری میں سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے مختلف فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوگ کی صورت میں سفر کے دوران ہائی بیم یا فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے بعد دھند اور اسموگ کی شدت میں واضح کمی متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سانس لینے میں بھی آسانی ہوگی۔ شہریوں اور سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔