
راولپنڈی: توشہ خانہ ٹوکیس میں اسپیشل جج سینٹرل نےپاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو
مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ 500 روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو تعزیراتِ پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ 409 کے تحت 7، 7 سال قید جبکہ انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ کی دفعہ 5/2/47 کے تحت مزید 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔ اس طرح دونوں کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند، ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر بیرسٹر عمیر مجید، وکلاء بیرسٹر شہروز گیلانی اور بلال کھوسہ، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے افضل خان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ نیب نے 13 جولائی 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا۔ دونوں 37 روز تک نیب کی تحویل میں رہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد 20 اگست کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس پر سماعت کے بعد آج فیصلہ سنایا گیا۔





































