ملک بھر میں کرونا کے کیسز کی تعداد299،سندھ میں آج سے سرکاری دفاتر بند

اسلام آباد،کراچی ،لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں

اضافہ ہورہا ہے صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 اور بلوچستان میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 236 ہوگئی۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ میں صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہم تمام مشتبہ مریضوں، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں موجود 736 زائرین اور تفتان سے آنے والے مزید ایک ہزار 276 زائرین کے ٹیسٹ کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ ان افراد کو بہتر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں 6 افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈی جی خان میں اس وقت 736 افراد زیر نگرانی ہیں، پنجاب حکومت مریضوں کی رپورٹس نہیں چھپارہی ہے۔اس سے قبل ایک کیس کی لاہور اور ایک کی ملتان میں تصدیق ہوئی تھی۔ لاہور کے میو اسپتال میں انتقال کرنے والے شخص عمران کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا ہے تاہم اب صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کے باعث ہلاکت کی تردید کردی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں کوروناوائرس کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں 134 افراد کو وہیں جو تفتان سے سکھر آئے جبکہ 37 کیس کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔

ادھر حکومت سندھ نے کورونا وائرس پھیلاو کے خطرے کے پیش نظر ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پھیلا وکو روکنے کے لیے اہم فیصلے کرلیے ہیں جس کے بعد ساحل سمندر اور پبلک پارکس کو بھی 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر میں ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال بھی 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم سبزی اور راشن کی دکانیں کھلی رہیں گی اور فیصلوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا۔ترجمان حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز میں راشن شاپس ہیں تو انہیں کھلا رکھ سکتے ہیں۔علاوہ ازیں حکومت سندھ نے کل جمعرات سے صوبے میں تمام سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس ضمن میں نوٹی فکیشن چیف سیکریٹری سندھ جاری کریں گے

 سندھ حکومت کے تر جمان مرتضی وہاب نے بھی ٹوئٹ میں بتایا کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیس سامنے آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے اور متاثرہ افراد شیخ زید ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں،۔ملک میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 236تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں 172، پنجاب میں 26، بلوچستان میں 16، خیبرپختونخوا سے 15، اسلام آباد سے 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد میں کوورنا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔