آٹے کی مقررہ نرخ پر فراہمی، وزیراعلیٰ پنجاب نے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن دے دی

لاہور(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں 24 گھنٹے کے اندر آٹے کی مقررہ نرخ پر دستیابی کی ڈیڈلائن دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے آٹے کے تھیلے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک اور انتظامیہ 24 گھنٹے کے اندر مقررکردہ نرخ پر آٹے کی فروخت کیلئے ہر ضروری انتظامی اقدام اٹھائیں اور متعلقہ محکمے آٹے کی سپلائی اور سرکاری قیمت پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔مقرر کردہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر آٹے کی فروخت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی ریلیز کے بعد آٹا تھیلا کی سرکاری قیمت پر عوام کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کروں گا۔حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور انتظامی ادارے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی آفیسرز فیلڈ میں نکلیں اور مارکیٹوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔