اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پروفائل ایڈٹ ہونے کے بعد اپنی صحت سے متعلق افواہوں
کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی سچائی نہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ضررساں عناصر نے وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل ایڈٹ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سی پیچیدگیاں پیدا کی گئیں جس سے میرے پیاروں اور اہلخانہ کو تکلیف پہنچی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں فون کالز بھی موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں اور میں ٹھیک ہوں۔ یاد رہے گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پر کی گئی تبدیلیوں کی وضاحت نہیں کی تھی تاہم پیج کی ہسٹری سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 جولائی کو کی جانے والی تبدیلی میں یہ عکاسی کی گئی تھی کہ وزیر خارجہ 4 جولائی کو 'انتقال' کرگئے تھے۔
مزید برآں وزارت خارجہ سے بھی شاہ محمود قریشی کی پروفائل میں کی گئی تبدیلیوں سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہم ضررساں عناصر کی جانب سے وزیر خارجہ کے وکی پیڈیا پیج کو ہیک کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔