پاکستان میں کورونا سے مزید 25 اموات،مجموعی تعداد 691ہوگئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 25افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی

تعداد 691ہوگئی جبکہ 781کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 31684تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے اب تک 257افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 200اور پنجاب میں 197افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 26، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
کل 294,894 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ 8212 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں مزید 12افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 257تک جاپہنچی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 6، مردان میں تین اور سوات اپر دیر اور نوشہرہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 206 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4875 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1256مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے مزید 537کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 12017اور ہلاکتیں 200 تک جا پہنچی ہیں۔
وزیراعلی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2149 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسے کورونا وائرس کے مزید 38کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کی۔ڈاکٹر مصطفی بشیر نے بتایا کہ 85سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔