عوام سمجھ رہے ہیں وبا ختم ہوگئی،احتیاط نہ کی تو پابندیاں لگادیں گے:اسد عمر

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام نے حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کیا تو بندشیں

دوبارہ لگائی جاسکتی ہیں۔ ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام لاک ڈاؤن میں نرمی میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہیں کررہے،۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانی کیلئے ہرممکن اقدام کیے جارہے ہیں۔ اگر عوام نے حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر نہ رکھا تو لاک ڈاؤن مزید سخت کیا جاسکتا ہے۔ لہٰذا عوام سے ایک بار پھر گزارش ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرکے اپنے آپ،اپنے بچوں، عزیز و اقارب اور دوسروں کو کورونا وائرس کی وباء سے بچائیں۔
اسد عمر نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے لوگ جب شہریوں کی حفاظت اور مدد کیلئے باہر نکلیں تو خود بھی حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں اور لوگوں کو بھی اس کی ہدایت کریں۔ وزیراعظم نے عوام کیلئے سہولیات پیدا کی ہیں۔ بیروزگاری اور بھوک جیسے چیلنج کے پیش نظر مجبوراً لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا۔ این سی سی نے بھی متفقہ طورپر فیصلہ کیا کہ لوگوں کو کاروبار اور روزگار کاموقع دینے کیلئے بندشیں کم کی جائیں مگر ایسا لگ رہا ہے کہ شاید عوام یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ کورونا ہی ختم ہوگیا ہے۔