
کراچی (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں
صوبہ سندھ کو ہدفِ تنقید کا نشانہ بنایا ان سے اس موقع پر اس طرح کی باتوں کی امید نہیں تھی اور جس طرح مراد سعید نے بیان دیا وہ بھی انتہائی منفی رویہ ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور مراد سعید کے بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ سندھ سے کس قدر نفرت اور تعصب رکھتے ہیں۔اس موقع پر جبکہ پورے ملک میں وبائی مرض کی وجہ سے ایک افراتفری کی فضا ہے اس طرح کی بات کرنا انسانیت سے گری ہوئی حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک ہونے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی پالیسی ہمیشہ سے رہی ہے کہ ہم سب کے ساتھ مل کر کام کریں ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہدایت ہے کہ اس وبائی مرض کے دوران تمام اختلافات بھلا کر عوام کی صحت کے لیے متحدہ جدوجھد کی جائے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیا جائے لیکن اس سلسلے میں وفاقی حکومت کا رویہ شروع دن سے ہی غیر سنجیدہ ہے۔ پہلا کورونا کیس آ نے سے لے پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس کو لے کر آج تک ہر بات ریکارڈ پر ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں وزیراعظم اپنی بات کرکے بنا کسی کی بات سنے اجلاس سے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ وزیراعظم پورے ملک کے وزیراعظم ہیں لیکن انہوں نے اس کڑے وقت میں عوامی نمائندوں کی بات بھی سننا گوارا نہیں کی۔ ان کا رویہ جمہوریت کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔




































