
لاہور (ویب ڈیسک )لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر
اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔
جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ ہفتہ کے روز عدالتی سماعت پرحمزہ شہباز کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے سخت سکیورٹی حصار میں لاکر عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت میں انکی حاضری مکمل کروائی گئی جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سے استثنی دے رکھا ہے۔ان کے نمائندے نواز چوہدری ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت نیب استغاثہ کے گواہ وزیر اعلیٰ آفس کے ملزم محمد مقصود کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 26 جنوری تک توسیع کردی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب کے مطابق سابق وزیراعلی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری خزانے سے رمضان شوگر مل کے لیے نالہ تعمیر کروایا، جس سے قوم کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے2015 میں 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر اپنے نجی ملکیتی رمضان شوگر ملز کیلئے نالہ تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔














