کورونا وائرس،حکومتی و پارلیمانی سرگرمیاں محدود،تعلیمی ادارے بند

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 28کیسزکی نشاندہی

ہوئی ہے۔ خطرے کے پیش نظر تمام عوامی سیاسی حکومتی پارلیمانی سرگرمیاں محدودکردی گئیں۔23 مارچ کی فوجی پریڈ منسوخ کردی گئی، تین ہفتوں کے لئے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بندکردیئے گئے اسی عرصہ کے لئے امتحانات ملتوی ہونگے ۔کرکٹ میچزخالی اسٹیڈیم میں ہونگے ۔دوہفتوں کے لئے شادی گھروں میں شادیوں پر پابندی سینما گھروں کوبندکردیا گیا ۔
قومی لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے،قومی رابطہ کمیٹی قائم کردی گئی وزیرصحت کنوئینر ہونگے آج قومی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کرلیا گیا تمام بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائدکردی گئی۔ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہر قسم کی آمدورفت کو بندکیا جارہا ہے۔سرحدوں کی بندش کا اطلاق 16 مارچ 2020 سے ہوگا۔ وفاقی اور صوبائی ثقافتی مراکز بندرکھے جائیں گے۔ادبی سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں جمعہ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ قومی سلامتی کمیٹی نے کرونا وائرس کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزراءاعلی تینوں مسلح افواج کے سربراہان ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت متعلقہ وفاقی وزرا وسیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے جو میچز لاہور منتقل کیے گئے ہیں ان میں تماشائیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی اور وہ بند اسٹیڈیم میں کرائے جائیں گے۔
قومی سلامتی اجلاس میں ایئر پورٹس اور بارڈرز پر نگرانی کا عمل سخت کرنے جب کہ لاہور ، کراچی اور اسلام آباد کے علاوہ باقی ایئر پورٹس پر انٹرنیشنل فلائٹس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستان کا مغربی بارڈر 14 روز کے لیے بند کیا جارہا ہے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا یہ فیصلہ تینوں برادر ممالک کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے جس کا اطلاق 16 مارچ سے ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 5 اپریل تک مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق حکمت عملی پرغور کیا گیا ۔ معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا نے اجلاس کو صورتحال سے آگاہ کیا
۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، معید یوسف بھی ہمراہ تھے ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت نے متذکرہ فیصلوں کی تصدیق کی انھوں نے کہا کہ یو این او نے سارے یورپ کو کرونا وائرس کے حوالے ایپی سنٹرقراردیا ہے ۔دوہفتوں کے دوران سرحدپر اسکرینگ کے سسٹم کومضبوط کیا جائے گا۔ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق 27 مارچ کو مشاورت کی جائے گی اور آگے کا فیصلہ کیا جائے گا امتحانات ملتوی ہونگے۔ذرائع ابلاغ کے زریعے وسیع پیمانے پر عوامی آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے وقت پرصحیح معلومات کی فراہمی کا طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے روازنہ کی بنیادپر مرکز سے معلومات فراہم کی جائیں گی ۔