
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان میں چینی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 3 پاکستانی طلبا کا مکمل اور
کامیاب علاج ہوگیا۔
چینی سفارت نے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے ہسپتالوں میں زیر علاج پاکستانی طلبا مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیے گئے۔
ٹوئٹ میں چینی طبی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔واضح رہے کہ 29 جنوری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کے شہر ووہان میں موجود 4 پاکستانی طلبہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس سے متاثرہ طلبہ کی صحت کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کی صحت بہتر ہورہی ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی شناخت دانستاً بتائی نہیں جارہی اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ اس کی چھان بین نہ کریں
اس ضمن میں حکومت کا دعوی ہے کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بڑی تعداد طلبہ کی ہے جو مختلف صوبوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ وائرس کے مرکز شہر ووہان میں 500 کے قریب پاکستانی طلبہ ہیں
۔دوسری جانب چینی حکومت کی جانب وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے پورے ووہان کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا ہے،واضح رہے کہ قرنطینہ ایسی صورتحال کو کہا جاتا ہے جس میں کسی بڑی وبا یا بیماری کی روک تھام کی خاطر لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے انہیں گھروں یا مخصوص مقامات میں رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔














