
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ واضح ہے کہ اگر ملک
میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ، عمران خان او ران کے سہولت کاروں کو نکالنے کےلئے سندھ حکومت اور قومی اسمبلی کی نشستوں سے قربانی دینا پڑی تو دریغ نہیں کرینگے ، اس وقت پی ڈی ایم موجودہ حالات میںکسی سے بات چیت کے لئے تیار نہیں البتہ عمران خان مستعفی ہو جائیں تو اس کا راستہ نکل سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ثمینہ خالد گھرکی رہائش گا ہ ہ پر مینار پاکستان جلسے کی کامیابی کےلئے کردار ادا کرنے والے پارٹی رہنما سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتیں آپس میں بات چیت کر کے طریق کا راو رحل نکال سکتی ہیں۔ موجودہ بحرانوں کا واحد حل یہ ہے کہ عمران خان 31جنوری تک خود بخود مستعفی ہو جائے وگرنہ پھر دما دم مست قلندر ہوگا اور اس کا اپوزیشن کو فائدہ اور حکومت کو نقصان ہی نقصان ہوگا ،تاریخ میں ایسا ہو اہے کہ تیسری قوتوں نے حالات سے فائدہ اٹھایا لیکن پیپلز پارٹی اس حساسیت کا احساس رکھتی ہے ، مستعفی ہونے اور لانگ مارچ کے لئے ایسی حکمت عملی اپنائیں گے جس سے ملک کو ایسی کسی مشکل صورتحال میں نہ ڈالا جائے اور پھر کہیں ہمیں12یا 20سال جدوجہد کرنا پڑے ،عدلیہ بحالی کے حوالے سے غلط فہمی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ صدر زرداری کو ہماری اپنی پارٹی کے لوگوں نے منایا تھا، میڈیا تک جو بات رپورٹ ہوا تھا وہ دوسری قوتوں کی فیس سیونگ کےلئے رپورٹ ہوا تھا۔
۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ، اعتزاز احسن، اسلم گل ، چوہدری منظور ، مصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مزاحمت کی ایک تاریخ ہے ، جن لوگوں نے ضیاءالحق ، مشرف آمریت کا مقابلہ کیا آج اسی طرح مقابلہ کرنا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن جس طرح کا جوش و جذبہ رکھتے ہیں موجودہ حکومت او ران کے نمائندے ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ ہم موبلائزیشن کر رہے ہیں اور عمران خان کو 31 جنوری تک مستعفی ہونا پڑے گا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 16دسمبر پاکستان پر ویسے بھی بہت بھاری دن ہے ، اس دن پاکستان کا ایک حصہ جدا ہوا ، اسی دن دہشتگردوں نے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا اور اس کی یادیں آج بھی ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں ۔ حکومت نے اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کو لاوارث چھوڑ دیا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔














