
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا امکان ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے
اقدامات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے تجارتی مشیر پیٹر نیوارو نے کہا ہے کہ موسم خزاں میں کورونا کا دوسرا سخت وار ہوگا۔یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کیا ہوگا، لیکن تیاریاں مکمل ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 90 لاکھ 45 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 48 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھرمیں کورونا سے متاثرہ 54 ہزار 734 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکا میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکا میں 23 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔برازیل امریکا کے بعد 10 لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا سے اموات کی تعداد 50 ہزار چھ سو سے زائد ہو گئی ہے جبکہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
روس میں کورونا سے اموات کی تعداد 8 ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی۔ روس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی۔ برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 42 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی جبکہ 3 لاکھ چار ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 6 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔














