سندھ میں تقریباً 5 ہزار افراد گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، سیدمراد علی شاہ

کراچی(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر کو کورونا کے 417 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں

جس کے ساتھ متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 7 ہزار 882 ہوگئی ہے جبکہ 74 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری پیغام میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید کورونا کے 2 ہزار 571 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صوبہ میں مجموعی طور پر 66 ہزار 623 ٹیسٹ کئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 7 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ مجموعی طور پر وائرس سے اب تک صوبہ میں مرنے والوں کی تعداد 137 ہوگئی ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے 6 ہزار 116 مریض زیرعلاج ہیں جس میں 4 ہزار 994 مریض گھروں میں، 615 آئیسولیشن مراکز اور 507 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 79 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 16 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہ نئے سامنے آنے والے 417 کیسز میں 357 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جس میں ملیر 123،ضلع جنوبی 91، ضلع وسطی 51،ضلع شرقی 44،ضلع غربی میں 30 اورکورنگی کے 18 کیسز شامل ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سکھر میں 20، گھوٹکی میں 8،حیدرآباد میں 4،جیکب آباد میں 3، سانگھڑ اور سجاول میں ایک ایک کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔