
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی الیکٹرک لمیٹڈ پر 5 کروڑ
روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سال اپریل تک بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنائے۔
نیپرا سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق نیپرا نے کراچی الیکٹرک کو بجلی کی تقسیم کے نظام کی غیر جانبدارانہ تصدیق کرانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کمپنی کے اندر تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور نیپرا کو اس کی حتمی رپورٹ پیش کی جائے۔
نیپرا نے کراچی الیکٹرک کو سوگوار خاندانوں کو جلد از جلد معاوضہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ نیپرا نے کہا کہ کراچی الیکٹرک بجلی کی تقسیم کے نظام میں حفاظتی انتظام برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہے اور آئندہ اس سلسلہ میں اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ بجلی کے نظام میں کسی قسم کی خرابی کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش نہ آئیں۔














